بجٹ مایوس کن، پنشن میں حقیقی ریلیف دیا جائے : نذر حسین
بجٹ مایوس کن، پنشن میں حقیقی ریلیف دیا جائے : نذر حسینتنخواہ و پنشن میں مزید اضافہ کیا جائے :صدر ریلوے پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) پاکستان ریلوے پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ملک نذر حسین نے وفاقی بجٹ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کی پنشن میں مزید اضافہ کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم بجٹ میں اتنا اضافہ ضرور ہونا چاہیے تھا کہ ایک مزدور اور متوسط طبقے کے گھر کا چولہا آسانی سے جل سکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں اشیائے ضروریہ، بجلی، گیس اور دیگر بنیادی اخراجات میں مسلسل اضافے نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے جبکہ بجٹ میں کیا گیا 7 فیصد اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین اور پنشنرز کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے مہنگائی کی شرح کے مطابق تنخواہوں اور پنشن میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ ان کی معاشی مشکلات میں کمی لائی جا سکے ۔