ملی یکجہتی کونسل کا اتحادِ امت اور بین المذاہب ہم آہنگی پر زور
سیمینار میں وہاڑی میں محرم الحرام کے دوران قیامِ امن کیلئے مشترکہ عزم کا اظہار
وہاڑی(خبر نگار،نمائندہ خصوصی )ملی یکجہتی کونسل کے زیرِ اہتمام 33واں سالانہ امن سیمینار میونسپل کمیٹی ہال وہاڑی میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ اور ممبر صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید نے خصوصی شرکت کی۔سیمینار میں اتحادِ امت، بین المذاہب ہم آہنگی اور محرم الحرام کے دوران قیامِ امن کے فروغ پر زور دیا گیا۔ سیمینار کی صدارت چیئرمین ملی یکجہتی کونسل حافظ حبیب الرحمن ضیاء نے کی۔ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ ضلع وہاڑی میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد امن کے قیام کے لیے مثالی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 33 سال سے جاری امن کے فروغ کی کاوشیں قابلِ فخر ہیں اور ضلعی انتظامیہ و پولیس امن و امان کے لیے اسی طرح باہمی تعاون جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام نے شہادتِ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خوبصورت انداز میں بیان کیا ہے ۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ معلومات کے پھیلاؤ سے گریز کی ہدایت بھی کی۔ممبر صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ امن سیمینار کا انعقاد ایک احسن اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 10 محرم الحرام کے بعد یومِ تشکر منایا جائے گا اور امن کے قیام میں کردار ادا کرنے والوں کی خدمات کو سراہا جائے گا۔ انہوں نے سیاسی و عسکری قیادت کی امن کے لیے کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔