یوم انسداد منشیات سمگلنک پر زرعی یونیورسٹی میں واک
منشیات سے پاک ماحول کیلئے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت، وقاراعظم
ملتان (خصوصی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی ملتان میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز اور سٹوڈنٹ کونسل کے زیر اہتمام پاکستان یوتھ لیگ والنٹیئر فورم کے اشتراک سے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔سیمینار میں اینٹی نارکوٹکس فورس، کاونٹر نارکوٹکس فورس، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال، آشیانہ ویلفیئر آرگنائزیشن اور سول سوسائٹی نیٹ ورک پاکستان کے نمائندگان نے شرکت کی۔مقررین نے منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان، اس کے معاشرتی، نفسیاتی، طبی اور قانونی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کے خاتمے کے لئے مشترکہ کردار کی ضرورت پر زور دیا۔مس اُمبرین عمر علی نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نہیں بلکہ والدین، اساتذہ اور سماجی تنظیموں کی بھی مشترکہ ذمہ داری ہے اینٹی نارکوٹکس فورس کے نمائندے نے منشیات کی روک تھام کے اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ کرنل (ر) وقار اعظم نے ادارہ جاتی تعاون اور عوامی آگاہی کو ناگزیر قرار دیا۔وائس چانسلر نے سیمینار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ آئندہ بھی منشیات سے پاک تعلیمی ماحول کے فروغ کے لئے ایسی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ آخر میں آگاہی واک بھی کی گئی۔