تاجروں کیساتھ امتیازی سلوک قبول نہیں ،طارق کریم
ڈی سی مظفر گڑھ کو فوری تبدیل کیا جائے ، مرزا اعجاز، عامر سلیم
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیمبر آف سمال ٹریڈرز جنوبی پنجاب کے صدر چودھری طارق کریم، چیئرمین مرزا اعجاز علی، جنرل سیکرٹری شیخ عامر سلیم، نائب صدور رانا محمد اصغر، چودھری محمد علی، رانا فہد علی شیر، فنانس سیکرٹری میاں قاسم اور ایڈیشنل سیکرٹری نشر و اشاعت شہزاد یوسف انصاری نے مشترکہ بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کے فوری تبادلے کا مطالبہ کیا ہے ۔رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ ڈپٹی کمشنر نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے تاجروں کے ساتھ امتیازی اور غیر منصفانہ رویہ اختیار کیا، ناجائز طور پر دکانیں سیل کیں اور پرامن احتجاج کرنے والے تاجروں کو گرفتار کرایا، جس سے کاروباری برادری میں شدید بے چینی پھیل گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کا یہ رویہ تاجروں کے بنیادی حقوق اور کاروباری آزادی کے منافی ہے ۔ تاجر برادری کسی بھی قسم کی زیادتی اور اختیارات کے غلط استعمال کو قبول نہیں کرے گی۔رہنماؤں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار افسروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔