قصبہ گجرات میں نادرا رجسٹریشن سینٹر کے قیام کا مطالبہ
علاقہ مکینوں کو شناختی دستاویزات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے
قصبہ گجرات (نامہ نگار)قصبہ گجرات اور اس سے ملحقہ درجنوں دیہات کے مکینوں نے نادرا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی سہولت کے پیش نظر یہاں نادرا رجسٹریشن سینٹر فوری طور پر قائم کیا جائے تاکہ شہریوں کو شناختی دستاویزات کے حصول کے لیے طویل سفر سے نجات مل سکے ۔تفصیلات کے مطابق شہریوں کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک دہائی قبل قصبہ گجرات میں نادرا رجسٹریشن سینٹر قائم کیا گیا تھا جس سے مقامی آبادی کو بڑی سہولت حاصل تھی، تاہم بعد ازاں یہ مرکز بند کر دیا گیا جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔عوامی حلقوں کے مطابق اس فیصلے کے باعث شہریوں کو شناختی کارڈ، ب فارم اور دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے دور دراز شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے جس سے وقت اور پیسے دونوں کا ضیاع ہوتا ہے ، جبکہ بزرگ، خواتین، طلبہ اور دیہاڑی دار طبقہ زیادہ متاثر ہو رہا ہے ۔معززین علاقہ میاں سیف اللہ وٹو، چوہدری ضیاء الرحمان ایڈوکیٹ، ملک عبدالباسط میتلا و دیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ قصبہ گجرات کی آبادی اور جغرافیائی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہاں نادرا رجسٹریشن سینٹر دوبارہ قائم کیا جائے تاکہ عوام کو سہولت میسر آ سکے ۔