رابطہ سڑک پر رکاوٹیں، دیہاتیوں کو شدید مشکلات کا سامنا
حادثات اور بارش کے پانی سے نقصان، انتظامیہ سے فوری نوٹس کا مطالبہ
گگو منڈی (نامہ نگار)نواحی گاؤں 191 ای بی میں مختلف چکوک اور آبادیوں کو ملانے والی اہم رابطہ سڑک پر مبینہ طور پر قائم رکاوٹوں اور تھڑوں کے باعث اہل علاقہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔تفصیلات کے مطابق اہل دیہہ کا کہنا ہے کہ یہ سڑک کئی دیہات کے لیے روزمرہ آمدورفت کا بنیادی راستہ ہے ، تاہم اس پر بنائے گئے بلند تھڑے اور رکاوٹیں ٹریفک کی روانی میں شدید رکاوٹ بن رہے ہیں جس کے باعث آئے روز حادثات پیش آ رہے ہیں۔مقامی افراد کے مطابق موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں، طلبہ، بزرگوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ رات کے وقت صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی ہے ۔اہل علاقہ نے بتایا کہ بارش کے دوران پانی کی قدرتی گزرگاہ متاثر ہونے سے نشیبی علاقوں اور گھروں میں پانی داخل ہو جاتا ہے جس سے مالی نقصان بھی ہو رہا ہے ۔اہل دیہہ نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی، اسسٹنٹ کمشنر بورے والا اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر موقع کا معائنہ کر کے سڑک کو رکاوٹوں سے پاک کیا جائے ۔انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو کسی بڑے حادثے یا تصادم کا خدشہ ہے ، لہٰذا انتظامیہ فوری اقدامات کرے ۔