دو قتل مقدمات میں چار مجرموں کو سزائے موت کا حکم
تھانہ لڈن اور گگو میں مقدمات درج تھے ، لاکھوں روپے جرمانہ بھی عائد
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی)قتل کے دو مختلف مقدمات میں مؤثر تفتیش، مضبوط شواہد اور بھرپور پیروی کے نتیجے میں معزز عدالتوں نے چار مجرموں کو سزائے موت اور لاکھوں روپے جرمانے کی سزائیں سنا دیں۔تفصیلات کے مطابق تھانہ لڈن کے مقدمہ نمبر 310/23 کا فیصلہ سناتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج وہاڑی طارق محمود شاد نے ملزمان عالم، یوسف اور مبشر کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت اور پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔استغاثہ کے مطابق ملزمان نے زمین کے تنازع پر مدعی کے احاطہ مویشیاں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور فائرنگ کرکے اس کے والد کو قتل کر دیا تھا۔دوسرے مقدمے میں تھانہ گگو کے مقدمہ نمبر 691/25 میں ایڈیشنل سیشن جج بورے والا شوکت علی نے مجرم سانول کو سزائے موت اور 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔مقدمے کے مطابق ملزم نے رشتہ سے انکار پر گھر میں گھس کر فائرنگ کرتے ہوئے خاتون کو قتل کر دیا تھا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی تصور اقبال نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری، مؤثر تفتیش اور سزایابی کے لیے پولیس بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا سکے ۔