بینائی سے محروم خاتون کی پریس کانفرنس، رقبہ پر قبضے کا الزام

بینائی سے محروم خاتون کی پریس کانفرنس، رقبہ پر قبضے کا الزام

آمنہ مائی کا پولیس پر ہراسانی اور سیاسی دباؤ کے تحت کارروائیوں کا دعویٰ

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)نواحی موضع غلام سندھی کی رہائشی بینائی سے محروم آمنہ مائی نے اپنی بیوہ والدہ ممتاز مائی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے رقبہ پر جعلی دستاویزات کے ذریعے قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق متاثرہ خواتین نے کہا کہ خیرپور ٹامیوالی کے رہائشی اسد امین، بلال، شمس الدین اور دیگر ان کے مستاجر تھے جنہوں نے مبینہ طور پر جعلی اسٹام بنا کر زمین پر قبضے کی کوشش کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ عدالتوں میں زیر سماعت رہا ہے اور میلسی عدالت و ہائی کورٹ نے ان کے حق میں فیصلے دیے ہیں جبکہ مخالفین کی درخواستیں خارج ہو چکی ہیں۔متاثرین کے مطابق ہائی کورٹ نے متعلقہ تھانہ صدر کے اس وقت کے ایس ایچ او شمعون جوئیہ اور اے ایس آئی اشفاق احمد کے خلاف عدالت میں استغاثہ دائر کرنے کا بھی فیصلہ دیا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ مخالفین سیاسی دباؤ کے ذریعے پولیس کو جھوٹی درخواستیں دلواتے ہیں جس پر پولیس انہیں بلاوجہ تنگ کر رہی ہے ۔ ان کے مطابق گزشتہ روز ڈی ایس پی نے بدتمیزی کی اور لیڈی پولیس کے ذریعے گرفتاری کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔متاثرہ خواتین نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پولیس اور آر پی او ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور مبینہ ہراسانی کا نوٹس لیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں