سرکاری واجبات وصولی مہم،ضلعی انتظامیہ کو اقدامات تیز کرنے کا حکم

سرکاری واجبات وصولی مہم،ضلعی انتظامیہ کو اقدامات تیز کرنے کا حکم

ڈپٹی کمشنرکی متعلقہ افسروں کو مقررہ اہداف کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور کارکردگی میں مزید بہتری ،تاجروں کی رہنمائی کی ہدایات ریونیو اہداف ہر صورت پورے کئے جائیں، واجبات کی وصولی کیلئے نئی حکمت عملی ، جامع پلان تشکیل دینے کی ضرورت، کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی، ڈی سی نعمان صدیق

ملتان(وقائع نگار خصوصی)وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سرکاری واجبات کی وصولی اور ریونیو میں اضافے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ضلعی محکموں کا کارکردگی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر سمیت مختلف محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سرکاری واجبات کی وصولی، ریونیو اہداف اور محکمہ وار کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے تمام محکموں کو سرکاری نادہندگان کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے اور ریکوری مہم میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری واجبات کی بروقت وصولی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں ریونیو بڑھانے اور سرکاری ریکوری کے اہداف حاصل کرنے کے لئے نئی حکمت عملی اور جامع پلان تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسروں کو مقررہ اہداف کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور کارکردگی میں مزید بہتری لانے پر زور دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں