تحصیل ہسپتال کے سٹور روم میں آگ بھڑک اٹھی
آگ شارٹ سرکٹ سے لگی ، عملے نے بروقت قابو پالیا ، معمولی نقصان
کہروڑپکا (نمائندہ دنیا ) تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کہروڑپکا کے سٹور روم میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم ہسپتال انتظامیہ اور ڈیوٹی پر موجود عملے کی بروقت کارروائی کے باعث چند ہی منٹوں میں آگ پر قابو پا لیا گیا، جس سے کسی بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہو گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق آگ سٹور روم میں نصب بریکٹ فین میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ ایم ایس ٹی ایچ کیو ڈاکٹر ذیشان نے بتایا کہ واقعہ پیش آتے ہی ہسپتال انتظامیہ اور ڈیوٹی ڈاکٹر نے فوری طور پر عملے کو متحرک کیا اور دستیاب وسائل کی مدد سے آگ بجھا دی۔ احتیاطی طور پر ریسکیو 1122 کو بھی اطلاع دی گئی، تاہم ریسکیو ٹیم کے موقع پر پہنچنے سے قبل ہی آگ مکمل طور پر قابو میں آ چکی تھی۔ ابتدائی جائزے کے مطابق نقصان معمولی نوعیت کا ہے ۔ واقعے کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات اور برقی آلات کا ازسرنو جائزہ شروع کر دیا ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔