چوری کے مقدمہ میں 3 ملزم گرفتار، دس لاکھ روپے برآمد
مرکزی ملزم قریبی رشتہ دار نکلا، طلائی زیورات فروخت کرکے رقم حاصل کی
لودھراں (سٹی رپورٹر ) تھانہ گیلے وال پولیس نے چوری کے مقدمہ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت واردات میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ چوری شدہ طلائی زیورات کی فروخت سے حاصل ہونے والے 10 لاکھ روپے بھی برآمد کر لیے گئے ۔ ایس ایچ او تھانہ گیلے وال پیراں ڈتہ کے مطابق گرفتار ملزمان میں اظہر، مبشر اور حسنین شامل ہیں۔ مرکزی ملزم اظہر مدعی مقدمہ کا قریبی رشتہ دار تھا جس نے منصوبہ بندی کے تحت اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چار تولے طلائی زیورات چوری کیے اور بعد ازاں انہیں فروخت کر دیا۔ مقدمہ درج ہونے کے فوراً بعد پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کیا اور فروخت شدہ زیورات کی مد میں حاصل ہونے والی رقم برآمد کر لی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) علی بن طارق نے برآمد شدہ 10 لاکھ روپے مدعی مقدمہ کے حوالے کر دیے اور کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او پیراں ڈتہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جبکہ بروقت ریکوری اور بہترین تفتیش پولیس کی پیشہ ورانہ ذمہ داری کا اہم حصہ ہے ۔