بورا روڈ پر گندے نالے کا پانی جمع ، شہری مشکلات کا شکار
نالے کی صفائی نہ ہونے سے دکانیں، سڑک زیرآب، شہریوں کا کارروائی کا مطالبہ
میاں چنوں (سٹی رپورٹر) میاں چنوں کے بورا روڈ اور اس سے ملحقہ علاقے گندے نالے کے پانی میں ڈوب گئے ، جس کے باعث شہریوں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق نالے کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث گندا پانی سڑک پر جمع ہو کر دکانوں میں داخل ہو رہا ہے ، جس سے آمد و رفت شدید متاثر ہو گئی ہے جبکہ تعفن اور گندگی کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار میونسپل کمیٹی کو درخواستیں دیں، مگر تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ شہریوں کے مطابق پانی مسلسل کھڑا رہنے سے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑک بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے \"ستھرا پنجاب\" پروگرام کے دعوے اس علاقے میں دکھائی نہیں دیتے ۔ شہریوں اور دکانداروں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لے کر نالے کی صفائی، نکاسی آب کا مؤثر انتظام اور مسئلے کا مستقل حل یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔