محرم انتظامات ،تاجروں اور سول سوسائٹی کا انتظامیہ کو خراج تحسین
شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح رہی:ڈپٹی کمشنر ، وفد سے گفتگو
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع مظفرگڑھ میں محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات، مؤثر امن و امان اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر انجمن تاجران، امن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے عہدے داران نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ سے ملاقات کی۔ وفد نے محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے مثالی انتظامات، صفائی ستھرائی، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، پینے کے صاف پانی، روشنی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور تمام متعلقہ اداروں کی مربوط حکمت عملی کے باعث ضلع بھر میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس پرامن ماحول میں منعقد ہوئیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام، عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح رہی، جبکہ یہ کامیابی تمام متعلقہ اداروں، علما کرام، امن کمیٹی، انجمن تاجران، سول سوسائٹی اور عوام کے بھرپور تعاون کا نتیجہ ہے۔