معذور افراد کا پریس کلب، ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج

معذور افراد کا پریس کلب، ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج

3 فیصد ملازمت کوٹے پر عملدرآمد، ٹرانسپورٹ کرایوں میں رعایت کا مطالبہ

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)بصارت اور سماعت سے محروم معذور افراد نے اپنے مطالبات کے حق میں مظفرگڑھ پریس کلب اور ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے ۔ مظاہرین نے سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کے لیے مختص تین فیصد کوٹے پر عملدرآمد اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق احتجاجی مظاہرے میں بصارت اور سماعت سے محروم افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر محمد ابوبکر اور دیگر مقررین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کے لیے تین فیصد کوٹہ مختص کیا گیا، تاہم ضلع بھر کے مختلف سرکاری محکموں میں اس پر مؤثر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری آسامیوں پر معذور افراد کی بھرتی کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ وہ بھی باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔مظاہرین نے مزید مطالبہ کیا کہ معذور افراد کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 50 فیصد رعایت دی جائے تاکہ انہیں سفر میں درپیش مالی مشکلات کم ہو سکیں۔ احتجاج کے دوران شرکا نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی بھی کی۔ بعدازاں مظاہرین ڈپٹی کمشنر آفس پہنچے ، جہاں انہوں نے احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے مطالبات کی منظوری اور متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں