امت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا، ڈاکٹر اکمل مدنی
وقت کے یزیدوں کو امت کے اتحاد سے شکست دی جاسکتی، خطاب
ملتان (کرائم رپورٹر)متحدہ مسلم موومنٹ کے زیر اہتمام 26ویں سالانہ سیدنا حضرت امام حسین ؓو قافلہ کربلا کانفرنس مدنی ہاؤس احسن کالونی میں چیئرمین ڈاکٹر محمد اکمل مدنی کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔صدارتی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اکمل مدنی نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور رفقا کی عظیم قربانی فلسفہ اتحاد کا روشن پیغام ہے ۔ امت مسلمہ جب تک ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر آگے نہیں بڑھے گی، مسائل اور مشکلات پر قابو پانا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے یزیدوں کو امت کے اتحاد سے شکست دی جا سکتی ہے جبکہ پاکستان کی بقا اور عالم اسلام کی مضبوطی مسلم امہ کی یکجہتی میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پرفتن دور میں اختلافات اور تعصبات سے بالاتر ہو کر بھائی چارے ، محبت، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔ فرقہ واریت، نفرت اور انتشار دشمنان اسلام کا ایجنڈا ہے جسے قرآن و سنت اور اسوہ امام حسینؓ پر عمل کرکے ناکام بنایا جا سکتا ہے ۔دیگر مقررین نے کہا کہ امام حسینؓ پوری امت مسلمہ کے مشترکہ سرمایہ ہیں، واقعہ کربلا کے حقیقی پیغام کو اپنانے سے معاشرے سے ظلم، ناانصافی اور نفرت کا خاتمہ ممکن ہے ۔