تعلیمی بورڈ ملتان کا3ارب کا بجٹ منظور، سکالر شپس میں اضافہ

تعلیمی بورڈ ملتان کا3ارب کا بجٹ منظور، سکالر شپس میں اضافہ

امتحانات کے سپرنٹنڈنٹس ، امتحانی عملے کے معاوضوں میں اضافے کی منظوری

ملتان(خصوصی رپورٹر)تعلیمی بورڈ ملتان کا 3 ارب کا بجٹ منظور، سکالر شپ بھی بڑھا دیا گیا تفصیل کے مطابق کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان تعلیمی بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بورڈ کے افسر، ملازمین اور بورڈ آف گورنرز کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں فنانس کمیٹی کی سفارشات پر مالی سال 2026-27 کے لئے 3 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔بجٹ سیکرٹری بورڈ خرم قریشی کی جانب سے پیش کیا گیااجلاس میں بورڈ ملازمین کے لئے پروویڈنٹ فنڈ اسٹیبلشمنٹ کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ امتحانات کے سپرنٹنڈنٹس، سپروائزری سٹاف اور امتحانی عملے کے معاوضوں میں بھی اضافہ منظور کیا گیا۔ اسی طرح مختلف کمیٹیوں کے ارکان اور افسروں کے معاوضوں میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔

بورڈ آف گورنرز نے امتحانی نظام کو مزید شفاف اورموثر بنانے کے لئے ڈیجیٹل سکرین مارکنگ کے لئے فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں قائداعظم سکالرشپ پروگرام کے تحت نمایاں اضافہ کرتے ہوئے میرٹ پر آنے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے ریزیڈنشل طلبہ کی سکالرشپ 33 ہزار روپے سے بڑھا کر 90 ہزار روپے فی طالب علم کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ نان ریزیڈنشل طلبہ کی سکالرشپ 21 ہزار روپے سے بڑھا کر 70 ہزار روپے کر دی گئی۔بورڈ آف گورنرز نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرز کے انعامات میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو ایک لاکھ روپے ، دوسری پوزیشن پر 75 ہزار روپے اور تیسری پوزیشن پر 50 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ قبل ازیں یہ انعامات بالترتیب 20 ہزار، 15 ہزار اور 10 ہزار روپے تھے ۔اجلاس میں حبیب بینک کے ساتھ معاہدے میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں