بائیومیٹرک حاضری نظرانداز،9اساتذہ سے وضاحت طلب
ایمرسن یونیورسٹی انتظامیہ کا ڈائریکٹر اسٹیٹ سمیت اساتذہ کو شوکاز نوٹس
ملتان (خصوصی رپورٹر) ایمرسن یونیورسٹی ملتان انتظامیہ نے بائیومیٹرک حاضری نظام پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈائریکٹر اسٹیٹ سمیت 9 اساتذہ و افسروں سے وضاحت طلب کر لی۔تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر کی جانب سے روزانہ حاضری ریکارڈ کے جائزے کے دوران بے ضابطگیاں سامنے آنے پر رجسٹرار آفس نے متعلقہ اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کئے ۔ نوٹس میں کہا گیا کہ متعلقہ ملازمین بائیومیٹرک سسٹم پر حاضری درج نہیں کر رہے تھے جس سے غیر حاضری، تاخیر سے آنے یا مقررہ وقت سے پہلے دفتر چھوڑنے کا تاثر پیدا ہوا۔وضاحت طلب کئے جانے والوں میں ڈاکٹر سمرہ ملک، حامد عباس، ڈاکٹر صدام حسین، ڈاکٹر ہمایوں فاروق، ڈاکٹر عمیر سہیل، ڈاکٹر محمد آصف شامل ہیں، جن کا تعلق مختلف شعبہ جات سے ہے ۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق بائیومیٹرک حاضری ریکارڈ نہ ہونے کے باعث معاملہ سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور تمام متعلقہ افراد کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ حکام نے تدریسی و غیر تدریسی عملے کو آئندہ حاضری نظام پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے ۔