سٹی پولیس کی کارروائی، ڈکیت گینگ ٹریس، اہم ملزم گرفتار
لوٹے گئے لاکھوں روپے اور ناجائز اسلحہ برآمد، مدعیوں کے حوالے
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) تھانہ سٹی مظفرگڑھ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کو ٹریس کر کے اس کے اہم رکن اسداللہ کو گرفتار کر لیا، جبکہ گن پوائنٹ پر لوٹی گئی لاکھوں روپے کی نقد رقم اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق ضلع ملتان سے ہے اور اس کے خلاف ڈکیتی سمیت سنگین نوعیت کے دو درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔ ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ کی ہدایات پر ایس ڈی پی او سٹی سرکل محمد ظفر وٹو کی نگرانی میں ایس ایچ او وسیم گوپانگ اور پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گینگ کو ٹریس کیا۔ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شہر میں چار وارداتیں کی تھیں، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے برآمد شدہ نقد رقم مدعیان کے حوالے کرتے ہوئے پولیس ٹیم کو شاباش دی، جبکہ متاثرین نے پولیس کی کارروائی اور بروقت برآمدگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈی پی او کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔