نواز شریف سکولز میں داخلہ ٹیسٹ کی پالیسی جاری
پنجاب بھر میں جدید سکولز، میرٹ اور شفافیت یقینی بنانے کا فیصلہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے نواز شریف سکولز آف ایمیننس میں داخلہ ٹیسٹ کے انعقاد کے لئے جامع اور شفاف پالیسی جاری کر دی۔ پالیسی کا مقصد میرٹ، برابری اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے ۔ صوبہ بھر میں 300 جدید سکولز قائم کئے جا رہے ہیں، جن میں پہلے مرحلے میں 128 سکول شامل ہیں۔ ان میں سے 89 سکولوں کی تعمیر 50 فیصد سے زائد مکمل ہو چکی ہے جہاں جدید سائنسی لیبارٹریز، روبوٹکس لیب، سمارٹ کلاس رومز اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔پہلے مرحلے کے سکولوں میں اب تک 76 ہزار 951 طلبہ داخل ہو چکے ہیں جبکہ مزید ایک لاکھ 5 ہزار 324 طلبہ نے رجسٹریشن کروا لی ہے ۔ نئی پالیسی کے مطابق داخلہ ٹیسٹ پیپر بیسڈ ہوگا جس میں ایم سی کیوز اور مختصر سوالات شامل ہوں گے ۔ کلاس اول تا نہم کے امتحان میں 100 نمبر ہوں گے جبکہ دسویں جماعت میں داخلے کے لئے نویں جماعت میں کم از کم 60 فیصد نمبر لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔پالیسی کے مطابق منفی مارکنگ نہیں ہوگی اور میرٹ صرف حاصل کردہ نمبروں کی بنیاد پر بنایا جائے گا۔ موبائل فون، کیلکولیٹر اور نوٹس لانا ممنوع ہوگا جبکہ خلاف ورزی پر امیدوار نااہل قرار دیا جائے گا۔ داخلہ ٹیسٹ جولائی کے تیسرے ہفتے میں متوقع ہے ۔