تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن، تین کمرشل مقامات سیل
تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن، تین کمرشل مقامات سیل پختہ تعمیرات اور 11شیڈز مسمار، سرکاری اراضی واگزار، کارروائیاں مزید تیز
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ضلعی انتظامیہ ملتان نے تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے گردیزی مارکیٹ میں میگا کریک ڈاؤن کیا۔ آپریشن کے دوران پختہ تعمیرات اور تھڑے مسمار کرکے متعدد تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا اور سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی۔ کارروائی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ زہرہ نور اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور انفورسمنٹ ٹیموں نے کی۔ آپریشن کے دوران ایک معروف ریسٹورنٹ سمیت 3 کمرشل مقامات کو سیل کردیا گیا جبکہ 11 شیڈز بھی مسمار کئے گئے ۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ تجاوزات کے باعث شہریوں کی آمدورفت، ٹریفک کی روانی اور شہر کی خوبصورتی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سرکاری اراضی پر قبضہ اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے تجاوزات کے خاتمے کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ یا تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments