سرکاری سکولوں میں ہفتے میں تین کھیلوں کے پیریڈز لازمی
سرکاری سکولوں میں ہفتے میں تین کھیلوں کے پیریڈز لازمیسالانہ کھیلوں کے مقابلوں کا شیڈول جاری کردیاگیا، سکول سربراہان کو ہدایات
ملتان (خصوصی رپورٹر)حکومت پنجاب کے محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبہ بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں طلبہ و طالبات کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد لازمی قرار دے دیا۔ اس حوالے سے سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کے شیڈول پر مشتمل مراسلہ جاری کردیا گیا ہے ۔ مراسلے کے مطابق تمام سرکاری سکولوں میں طلبہ کے لیے ہفتے میں کم از کم تین دن کھیلوں کے پیریڈز مختص کیے جائیں گے ، جبکہ روزانہ ایک پیریڈ کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کے لیے مقرر ہوگا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق کھیلوں کی سرگرمیوں کا مقصد طلبہ کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے ساتھ انہیں صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے ۔ سالانہ کھیلوں کے مقابلے سکول، مرکز، تحصیل، ضلع اور صوبائی سطح پر منعقد ہوں گے ۔ شیڈول کے مطابق 12 سے 23 اکتوبر 2026 تک مرکز اور سکول کی سطح پر مقابلے ہوں گے ۔ تحصیل سطح کے مقابلے 26 اکتوبر سے 6 نومبر، ضلع سطح کے مقابلے 10 سے20 نومبر جبکہ صوبائی سطح کے حتمی مقابلے 23 سے 27نومبر تک منعقد کیے جائیں گے ۔ کھیلوں میں ہاکی، کرکٹ، بیڈمنٹن، والی بال، ٹیبل ٹینس، ایتھلیٹکس، فٹ بال، شطرنج اور تیراکی شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments