اینٹی کرپشن آفس میں کھلی کچہری، ریونیواور یوسی سیکرٹر یز کیخلاف شکایات کے انبار

اینٹی کرپشن آفس میں کھلی کچہری، ریونیواور یوسی سیکرٹر یز کیخلاف شکایات کے انبار

ریجنل ڈائریکٹر ملک ضیاء الحق کی سائلین سے ملاقات، شکایات کا فوری ازالہ ، اختیارکے ناجائز استعمال اور رشوت یا کرپشن پر متعلقہ افسروں کیخلاف فوری محکمامہ کارروائی کا حکم

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)مظفرگڑھ میں اینٹی کرپشن آفس میں کھلی کچہری ،ریونیو اور یونین کونسل سیکرٹریز کے خلاف شکایات کی بھرمار،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چھٹہ کی ہدایات پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ملک ضیاء الحق نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن مظفرگڑھ حافظ غلام فرید خان اور سرکل آفیسر اینٹی کرپشن مظفرگڑھ عمار یاسر کے ہمراہ مظفرگڑھ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ شہریوں اور سائلین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف سرکاری محکموں سے متعلق اپنے مسائل اور شکایات براہِ راست اینٹی کرپشن حکام کے سامنے پیش کیں۔ ریجنل ڈائریکٹر ملک ضیاء الحق نے سائلین سے ملاقات کی ، شکایات تفصیل سے سنیں اور متعلقہ معاملات پر موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے ۔

سب سے زیادہ شکایات محکمہ ریونیو اور یونین کونسل سیکرٹریز کے خلاف سامنے آئیں۔ سائلین نے ریونیو معاملات میں مبینہ تاخیر، ریکارڈ سے متعلق مسائل اور دیگر مشکلات سے آگاہ کیاجبکہ یونین کونسل سیکرٹریز کے حوالے سے بھی مختلف نوعیت کی شکایات حکام کے سامنے رکھی گئیں ۔ملک ضیاء الحق نے سائلین کی شکایات پر متعلقہ افسروں سے جواب طلب کیا اور ہدایت کی کہ شہریوں کی جائز شکایات کو قانون اور میرٹ کے مطابق حل کیا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سرکاری اہلکار کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال، رشوت یا کرپشن کی شکایت سامنے آنے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن مظفرگڑھ حافظ غلام فرید خان اور سرکل آفیسر اینٹی کرپشن مظفرگڑھ عمار یاسر نے بھی سائلین کی شکایات سنیں اور مختلف درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ اینٹی کرپشن افسران نے شہریوں کو یقین دلایا کہ موصول ہونے والی شکایات کو میرٹ پر دیکھا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملک ضیاء الحق نے کہا کہ عوام کو کرپشن سے پاک اور شفاف نظام کی فراہمی اینٹی کرپشن کی ترجیحات میں شامل ہھے ، شہری کسی بھی سرکاری اہلکار کی جانب سے رشوت طلب کرنے ، اختیارات کے ناجائز استعمال یا دیگر بدعنوانی کی اطلاع بلاخوف اینٹی کرپشن حکام کو دیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ کھلی کچہری ہر ماہ منعقد کی جائے گی،ملک ضیاء الحق نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے سے کرپشن کے خاتمے کے لیے اینٹی کرپشن ادارے کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے ، شفافیت کے فروغ اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...