ماحولیاتی بہتری کیلئے عملی اقدامات کا فیصلہ، کمیٹی قائم
سرکاری سکیموں کے تحت رقبہ حاصل کرنیوالوں کیلئے فی ایکڑ 10درخت لگانا لازمی ،ریکارڈ پٹواری کے روزنامچہ میں قلعہ اور خسرہ کے مطابق درج کیا جائیگا، کمشنر کا اجلاسشجرکاری، ویسٹ مینجمنٹ، پارکس کی بحالی اور صنعتی آلودگی کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات پر اتفاق، عملی ایکشن پلان کی تیاری اور فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے پر غور
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ہائیکورٹ کی ہدایات پر ماحولیاتی بہتری کیلئے وسیع البنیاد کمیٹی قائم کردی گئی، جس کا پہلا اجلاس کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ماحولیاتی مسائل کی نشاندہی، عملی ایکشن پلان کی تیاری اور فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے پر غور کیا گیا۔ کمیٹی میں ڈپٹی کمشنرز، محکمہ جنگلات، پی ایچ اے ، محکمہ ماحولیات، واسا، ستھرا پنجاب، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل، ہائیکورٹ بار اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شامل ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ سرکاری سکیموں کے تحت رقبہ حاصل کرنے والوں کیلئے فی ایکڑ 10 درخت لگانا لازمی ہوگا۔ شجرکاری کا ریکارڈ پٹواری کے روزنامچہ میں قلعہ اور خسرہ نمبر کے مطابق درج کیا جائے گا اور درختوں کی ماہانہ نگرانی کرکے ان کی بقا یقینی بنائی جائے گی۔ ون سٹوڈنٹ ون پلانٹ پروگرام کے تحت طلبہ کو پودوں کی نگہداشت کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ اجلاس میں ہاؤسنگ سوسائٹیز، ہسپتالوں اور صنعتی یونٹس میں شجرکاری کو منظوری سے مشروط کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ پارکس کی بحالی کیلئے علیحدہ ترقیاتی منصوبے بنانے ، سکولوں کے کھیل کے میدان شام کے اوقات میں شہریوں کیلئے کھولنے اور ویسٹ سیگریگیشن بہتر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ کمشنر نے ہسپتالوں کے طبی فضلے کی محفوظ تلفی، ویسٹ سائٹس پر آگ کی روک تھام اور صنعتی اداروں میں ایمیشن کنٹرول سسٹم یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی کمیٹی محض اجلاسوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ عملی اقدامات اور ان کے نتائج کی نگرانی کرے گی۔ کمیٹی کے فیصلوں پر پیش رفت کا آئندہ اجلاس میں باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments