چک 135/10 آر کی سرکاری ڈسپنسری تباہ، عمارت پر قبضہ
دیواروں کی اینٹیں، دروازے اور درخت غائب، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
جہانیاں (نمائندہ دنیا)چک نمبر 135/10 آر کی قدیم سرکاری ڈسپنسری مکمل طور پر تباہی کا شکار ہوگئی۔ اہل علاقہ کے مطابق ڈسپنسری کی دیواروں سے اینٹیں تک نکال لی گئی ہیں جبکہ عمارت کے دروازے ، گیٹ اور دیگر قیمتی سامان بھی غائب ہوچکا ہے ۔ لاکھوں روپے مالیت کے درخت بھی مبینہ طور پر کاٹ کر لے جائے گئے ۔ذرائع کے مطابق ڈسپنسری کی باقی ماندہ جگہ پر بعض افراد نے جانور باندھ کر مبینہ طور پر قبضہ کرلیا ہے ۔ ڈسپنسری کے بچے ہوئے درخت بھی مسلسل غائب ہو رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نہری پانی کے استعمال کا بھی کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔اہل علاقہ، صحافتی اور سماجی حلقوں نے متعدد بار میڈیا کے ذریعے حکام سے ڈسپنسری کی بحالی یا جگہ کو کسی عوامی فلاحی منصوبے کے لیے استعمال کرنے کی اپیل کی، تاہم کوئی عملی کارروائی نہ ہوسکی۔عوامی و صحافتی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری صحت پنجاب اور کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے ، سرکاری املاک کو واگزار کراکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ڈسپنسری کی جگہ عوامی فلاح کے لیے استعمال کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments