ٹھٹھ گھلواں میں آوارہ کتوں کا حملہ، دو بچوں سمیت تین زخمی
ایک ہفتے میں متعدد واقعات، کتے مار مہم شروع نہ ہونے پر شہریوں کا اظہار غم وغصہ
سکندرآباد (نامہ نگار)موضع ٹھٹھ گھلواں میں آوارہ کتوں کے حملے میں دو کمسن بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال شجاع آباد منتقل کردیا گیا۔ ایک ہفتے کے دوران کتوں کے کاٹنے کے متعدد واقعات کے باوجود تحصیل انتظامیہ کی جانب سے کتے مار مہم شروع نہ کیے جانے پر اہل علاقہ میں تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔تفصیلات کے مطابق دو سالہ ابوبکر اور دو سالہ احمد گلی سے گزر رہے تھے کہ آوارہ کتے نے اچانک ان پر حملہ کردیا۔ بچوں کو بچانے کی کوشش میں 40 سالہ عمر حیات بھی زخمی ہوگئے ۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تینوں زخمیوں کو سول ہسپتال پہنچایا۔اہل علاقہ کے مطابق تحصیل بھر میں آوارہ کتوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور متعدد افراد ان کا نشانہ بن چکے ہیں۔ اس سے قبل سکندرآباد میں بھی چار افراد کو آوارہ کتوں نے کاٹا تھا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کتوں کے خوف سے بچوں کا گھروں سے نکلنا اور سکول جانا مشکل ہوگیا ہے جبکہ شام کے وقت گلیوں میں خوف کی فضا رہتی ہے ۔متاثرین اور اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر ملتان اور اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سے فوری نوٹس لینے اور ہنگامی بنیادوں پر کتے مار مہم شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments