کوٹ ادو ،ایک روز میں زیادتی اور اغواء کے چار واقعات
دو بچوں سے زیادتی کی کوشش، خاتون سے زیادتی کا الزام، لڑکی اغواء
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ضلع کوٹ ادو میں بچوں اور خواتین سے متعلق جرائم کے چار واقعات ایک ہی روز رپورٹ ہوئے ، جن میں دو کمسن بچوں سے مبینہ زیادتی کی کوشش، خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش اور 13 سالہ لڑکی کے اغوا کا واقعہ شامل ہے ۔ پولیس نے چاروں واقعات کے مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔تھانہ سٹی کے علاقہ موضع پرہاڑ شرقی میں محمد آصف نے مقدمہ درج کرایا کہ اس کا 12 سالہ بیٹا اپنے 5 سالہ بھائی کے ہمراہ مسجد جارہا تھا کہ راستے میں ایک شخص انہیں بہلا پھسلا کر گھر لے گیا۔ والد کے مطابق ملزم نے بڑے بیٹے کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے بچے کو طبی معائنے کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔ دوسرے واقعہ میں تھانہ صدر کے علاقہ بیٹ انگڑا میں 11سالہ بچے کو دو افراد کی جانب سے مبینہ طور پر باغ میں لے جاکر زیادتی کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا۔ بچے کے والد کی اطلاع پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔تیسرے واقعہ میں بلوچ کالونی کی رہائشی خاتون نے ایک شخص پر گھر میں داخل ہوکر مبینہ زیادتی کی کوشش اور تشدد کا الزام عائد کیا، جس پر مقدمہ درج کرکے طبی معائنہ کرایا گیا۔ چوتھے واقعہ میں موضع عیسن والا سے 13 سالہ سمیرا بی بی کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کرکے پولیس نے تفتیش شروع کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments