آرپی او کی تھانہ ٹھینگی میں کھلی کچہری، شکایات پر فوری احکامات
درخواستوں پر قانون اور میرٹ کیمطابق سخت کارروائی کی جائے ، عثمان اکرم
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی)ریجنل پولیس آفیسر ملتان عثمان اکرم گوندل نے آئی جی پنجاب کی ہدایات پر شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال کے ہمراہ تھانہ ٹھینگی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں شہریوں اور سائلین نے اپنے مسائل اور پولیس سے متعلق شکایات براہ راست آر پی او کے سامنے پیش کیں۔ عثمان اکرم گوندل نے درخواست گزاروں کے مسائل توجہ سے سنے اور متعلقہ پولیس افسران کو درخواستوں پر قانون اور میرٹ کے مطابق فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے ۔آر پی او ملتان نے کہا کہ شہریوں کو بروقت اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی پولیس کی پہلی ترجیح ہے ۔ شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پولیس افسران شہریوں کی درخواستوں پر مقررہ وقت میں پیش رفت یقینی بنائیں اور ہر معاملہ قانون کے مطابق نمٹائیں۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنا، باہمی اعتماد مضبوط بنانا اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا ہے ۔ پولیس افسران شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ذمہ داری اور سنجیدگی سے فرائض انجام دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments