ایوان تجارت وصنعت کی تزئین وآرائش کا کام مکمل
بزرگ ،سینئر ممبرز کی آسان رسائی کیلئے لفٹ نصب کی گئی،میاں مغیث
ملتان (لیڈی رپورٹر)ایوان تجارت و صنعت ملتان کی عمارت کی تزئین و آرائش اور مرمت کا کام مکمل صدر ایوان تجارت و صنعت ملتان میاں بختاور تنویر شیخ نے سینئر ممبران کے ہمراہ تزئین و آرائش شدہ عمارت کا افتتاح کیا، اس موقع پر ملکی ترقی، صنعت و تجارت کی بہتری اور ایوان کی مزید ترقی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔افتتاحی تقریب میں نائب صدر ایوان اظہر بلوچ، میاں تنویر اے شیخ، خواجہ محمد یوسف، میاں فرید مغیث شیخ، خواجہ محمد الیاس، میاں راشد اقبال، ملک اسرار اعوان، طاہر رحمن نقی، علی رحمن نقی، خواجہ محمد حسین، خواجہ محمد عثمان، سید افتخار علی شاہ، خواجہ محمد فاروق، سید ثاقب علی، سہیل طفیل سمیت سیکرٹری جنرل ایوان محمد شفیق اور ایوان کے سینئر ممبران نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر ایوان تجارت و صنعت ملتان میاں بختاور تنویر شیخ نے افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کی عمارت 1995ء میں تعمیر کی گئی تھی اور 2006ء میں اس وقت کے صدر میاں مغیث اے شیخ نے عمارت کی تزئن و آرائش کرائی تاہم اس مرتبہ عمارت کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے اور ممبران کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایوان کے سیکنڈ فلور پر موجود ہال تک بزرگ اور سینئر ممبران کی آسان رسائی کے لئے خصوصی طور پر لفٹ نصب کی گئی ہے ۔میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا کہ ایوان تجارت و صنعت ملتان صرف صنعتکاروں اور تاجروں کا نمائندہ ادارہ نہیں بلکہ جنوبی پنجاب کی کاروباری برادری کی آواز ہے ۔ ایوان کی ذمہ داری ہے کہ ممبران کو بہتر ماحول، سہولیات اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے سازگار پلیٹ فارم فراہم کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments