نشتر ہسپتال،کرپشن کیخلاف زری وٹالرنس نافذ
پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری ،مزید 4ملازم معطل، نشتر ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے معطل ملازمین کی تعدادپانچ ہوگئی
ملتان(لیڈی رپورٹر)نشتر ہسپتال میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کریک ڈاؤن جاری، مزید چار ملازمین معطل، پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری شروع ،اب تک مجموعی طور پر نشتر ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ سے پانچ ملازمین کو معطل کر کے پیڈا کے تحت انکوائری جاری ہے ، تفصیل کے مطابق نشتر ہسپتال ملتان میں کرپشن کے خلاف انتظامی افسروں کا کریک ڈاؤن جاری ہے ۔اس حوالے سے حالیہ کاروائی کے دوران ڈاکٹر عبد القادر خان نے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں تعینات ریڈیوگرافر محمد اسحاق کو جعلی بینک ڈپازٹ سلپس اور بوگس بینک چالان جمع کرانے کے الزام میں 90 روز کے لئے معطل کر کے پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری شروع کر دی ہے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر فنانس نشتر ملتان کی جانب سے معاملہ رپورٹ کئے جانے کے مطابق مذکورہ ملازم نے جعلی یا فرضی بینک ڈپازٹ سلپس اور بوگس بینک چالان تیار کرکے /جمع کرا کے ٹریژرر کے ذریعے سرکاری واجبات کی ادائیگی ظاہر کی، جبکہ مبینہ طور پر متعلقہ رقم بینک میں جمع نہیں کرائی گئی۔آفس آرڈر میں مس کنڈکٹ کو بھی معطلی کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح ڈیلی ویجز ملازم تصور عباس جس کی ڈیوٹی ہیپاٹائٹس کلینک لیب کلیکشن پوائنٹ پر تھی اس کو بھی معطل کر کے پیڈا ایکٹ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے تصور عباس پر مریض سے فری کئے گئے ٹیسٹ کی رقم مانگنے کا الزام عائد کیا گیا ہے ، اسی طرح نائب قاصد وسیم اکرم اور ٹیلر شبانہ جو ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں تعینات تھے ان دونوں کو hmis یوزر آئی ڈیز اور پاس ورڈز کے غلط استعمال، غیر مجاز طور پر 100 فیصد ڈسکاؤنٹ دینے ،جعلی پیمنٹ سلپس بنانے اور مریضوں سے رقم وصول کرنے کے الزامات کے تحت معطل کرتے ہوئے پیڈا ایکٹ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے اس سے قبل بھی ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے دو ملازمین اور لیبارٹری میں تعینات ایک ملازم کو انہی الزامات کی بنیاد پر معطل کر کے پیڈا ایکٹ انکوائری جاری ہے یوں مجموعی طور پر 07 ملازمین اب تک معطل کئے جا چکے جن کے خلاف پیڈا ایکٹ انکوائری جاری ہے ادھر طبی اور شہری حلقوں کی جانب سے ڈاکٹر عبد القادر خان کی کاوش کو سراہا جا رہا ہے مریضوں اور لواحقین کا کہنا تھا کہ کرپٹ مافیا کو سخت سزائیں دی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments