سرکاری سکولوں میں جعلی انرولمنٹ کیخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)سرکاری سکولوں میں جعلی انرولمنٹ پر سخت کارروائی کا فیصلہ، سربراہان کو انتباہ ،سیکرٹری سکول ایجوکیشن کی تشکیل کردہ ٹیمیں سکولوں کا دورہ کرکے طلبہ کے اندراج کی تصدیق کریں گی، خلاف ورزی پر متعلقہ سربراہ جواب دہ ہوگا ۔۔۔۔
تفصیل کے مطابق محکمہ سکول یجوکیشن نے سکولوں میں طلبہ کے اندراج کا درست اور مستند ریکارڈ برقرار رکھنے پر زور دیا ہے ۔اس سلسلے میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن کی تشکیل کردہ ٹیمیں سکولوں کا معائنہ کریں گی اور ریکارڈ کے مطابق طلبہ کی انرولمنٹ کی تصدیق کریں گی، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ سکولوں میں درج طلبہ حقیقت میں زیر تعلیم ہیں یا نہیں سکول انتظامیہ طلبہ کی انرولمنٹ سے متعلق درست معلومات فراہم کرنے اور ریکارڈ کو شفاف رکھنے کی پابند ہوگی ۔ کسی بھی قسم کی جعلی یا فرضی انرولمنٹ سامنے آنے کی صورت میں متعلقہ سکول سربراہ کو جواب دہ ہونا پڑے گا اور اس کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ طلبہ کی تعداد بڑھا چڑھا کر ظاہر کرنے یا ریکارڈ میں غیر حقیقی اندراج کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ان اقدامات کا مقصد سکولوں میں طلبہ کے مستند اعداد و شمار کو یقینی بنانا، تعلیمی نظام میں شفافیت برقرار رکھنا اور سرکاری ریکارڈ کی درستگی کو بہتر بنانا ہے ۔محکمہ تعلیم کی جانب سے سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ معائنے سے قبل اپنے ریکارڈ کی جانچ پڑتال مکمل کریں اور طلبہ کے اندراج سے متعلق تمام کوائف درست رکھیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments