میاں چنوں، غلہ گودام کچرا کنڈی بن گیا، شہری پریشان
کوڑے کے ڈھیر، شدید تعفن، مکینوں کا انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ
میاں چنوں (سٹی رپورٹر ) میاں چنوں کے مشرقی حصے میں واقع چک نمبر 130/15L کا غلہ گودام انتظامی عدم توجہی کے باعث کھنڈرات میں تبدیل ہونے لگا، عمارت کی دیواریں اور دروازے غائب، نشے کے عادی افراد اور غیر سماجی عناصر کی آماجگاہ بننے کے ساتھ کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر 130/15L فیصل ٹاؤن میں واقع غلہ گودام کی عمارت طویل عرصے سے مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ دیواریں اور دروازے غائب ہونے سے غیر سماجی عناصر نے یہاں ڈیرے جما لیے ہیں۔ گنجان آبادی کے درمیان واقع اس عمارت میں روزانہ کی بنیاد پر کچرا پھینکے جانے سے کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ہیں، جن سے اٹھنے والی بدبو اور تعفن نے اردگرد کے رہائشیوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے ۔ اہل علاقہ کے مطابق گندگی اور آلودگی کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ اہل علاقہ نے اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں اور متعلقہ انتظامی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر غلہ گودام کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں، عمارت کی خستہ حالی کا نوٹس لیں، غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور صفائی ستھرائی کے مستقل انتظامات یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو تعفن، آلودگی اور ممکنہ بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments