چوک سرور شہید : فائرنگ سے زخمی ہونیوالا شہری دم توڑ گیا
نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے غلام عباس زخمی ہو گیا تھا
کوٹ ادو،چوک سرور شہید (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ دنیا) چوک سرور شہید میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا 45 سالہ شہری غلام عباس ریاض 24 گھنٹے موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد نشتر ہسپتال ملتان میں دم توڑ گیا، واقعے کے بعد علاقے کی فضا سوگوار جبکہ مقتول کے گھر میں کہرام مچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق محلہ راجپوتاں کا رہائشی غلام عباس ریاض ولد ریاض احمد، جو مبینہ طور پر ملتان میں پراپرٹی کا کاروبار کرتا تھا، ملتان سے اپنی گاڑی پر چوک سرور شہید واپس آرہا تھا کہ ملتان روڈ پر المدینہ کنٹرول شیڈ اور ذیشان پٹرول پمپ کے قریب پیچھے سے آنے والے دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اس کی گاڑی روکنے کی کوشش کی۔ گاڑی نہ روکنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں پیٹ میں گولی لگنے سے غلام عباس شدید زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمی کو ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرور شہید منتقل کیا، جہاں حالت تشویشناک ہونے پر اسے نشتر ہسپتال ملتان ریفر کردیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 620/26 بجرم 324/34 تعزیرات پاکستان درج کیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments