میپکو کا آپریشن، 10 بجلی چور پکڑے، لاکھوں روپے وصول
ملتان(خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل ساجد حسین گوندل کی ہدایت پر ایکسین شجاع آباد ڈویژن طارق محمود ڈار اور ایس ڈی او شجاع آباد سب ڈویژن شکیل پاشا کی سربراہی میں ٹیم نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کو ایل ٹی لائن سے براہِ راست کنڈیاں لگا کر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ ٹیم نے بجلی چوری میں استعمال ہونے والے تار اور میٹر اتار کر قبضے میں لے لئے، جبکہ ملزموں کو جرمانے کے بل جاری کئے جا رہے ہیں۔ بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کرانے کے لئے متعلقہ حکام کو درخواستیں بھیج دی گئی ہیں۔
دوسری جانب سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو رحیم یار خان سرکل عبدالحفیظ بھٹی کی ہدایت پر رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے واجبات، بقایاجات اور ماہانہ بلوں کی وصولی کے لئے مختلف سب ڈویژنوں میں آپریشن کیا گیا۔ایس ڈی او ظاہر پیر سب ڈویژن کی سربراہی میں ٹیم نے ایک آئس فیکٹری سمیت دو نادہندگان سے 10 لاکھ 15 ہزار روپے وصول کئے۔ سٹی سب ڈویژن خانپور میں 9 لاکھ 99 ہزار روپے کے واجبات ادا نہ کرنے پر آٹھ نادہندگان کے کنکشن منقطع کرکے میٹر اتار لئے گئے، جبکہ دیگر نادہندگان سے پانچ لاکھ روپے سے زائد کے بقایاجات بھی وصول کئے گئے۔ رورل سب ڈویژن خانپور میں ایک رننگ ڈیفالٹر کے ذمے ایک لاکھ روپے سے زائد کے واجبات ادا نہ کرنے پر بجلی منقطع کرکے میٹر اتار لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments