کوٹ ادو : 5افراد کو یرغمال بنا کر کریانہ سٹور پر لوٹ مار
ڈاکو پچاس ہزار نقدی، پانچ موبائل فون اور سامان لوٹ کر فرار، دو بھیڑیں چوری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈاکوؤں نے کریانہ سٹور پر دھاوا بول کر کلاشنکوف تانتے ہوئے دکاندار کے بیٹے سمیت پانچ افراد کو یرغمال بنا لیا اور نقدی، موبائل فونز سمیت لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹ کر فرار ہوگئے ، جبکہ نامعلوم چور گھر سے دو قیمتی بھیڑیں چوری کرکے لے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق پہلے واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر کوٹ ادو میں بستی غریب آباد موضع بیٹ انگڑا کے رہائشی غلام اکبر مکول کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مدعی کے مطابق اس نے گھر کے قریب کریانہ سٹور بنا رکھا ہے ، جہاں گزشتہ رات اس کا بیٹا محمد محسن موجود تھا، جبکہ ہمسائے محمد اسامہ، امیر حمزہ، محمد ناصر اور امیر مسلم بھی دکان پر آئے ہوئے تھے ۔ اسی دوران موٹرسائیکل سوار تین نامعلوم مسلح ڈاکو دکان میں داخل ہوئے اور تمام افراد پر کلاشنکوف تان کر انہیں یرغمال بنا لیا۔ ملزمان نے دکان سے 50 ہزار روپے نقدی، محمد محسن کا موبائل فون، محمد اسامہ سے 15 ہزار روپے اور موبائل فون، امیر حمزہ سے شناختی کارڈ، دو ہزار روپے والا بٹوا اور موبائل فون، محمد ناصر سے دو ہزار روپے اور موبائل فون جبکہ امیر مسلم سے موبائل فون چھین لیا اور فرار ہوگئے ۔ دوسرے واقعے میں تھانہ سٹی کوٹ ادو کے علاقے موضع سدھاری کے رہائشی غلام فرید کے گھر سے نامعلوم چور 80 ہزار روپے مالیت کی دو بھیڑیں چوری کرکے لے گئے ۔ پولیس نے دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments