زکریا یونیورسٹی لاء کالج کلرک پر مبینہ تشدد، ملازمین کا دھرنا
طالبعلم کی 20 فیصد حاضری پر داخلہ بھجوانے سے انکار، سکیورٹی سربراہ کی مداخلت
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے گیلانی لاء کالج میں کلرک کے ساتھ مبینہ تشدد، بدتمیزی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے واقعے کے خلاف ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے احتجاجی دھرنا دے دیا۔ ملازمین نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی اور دورانِ ڈیوٹی تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق واقعہ ایل ایل بی پارٹ تھرڈ کے ایک طالب علم کا داخلہ بھجوانے سے انکار پر پیش آیا، جس کی حاضری مبینہ طور پر صرف 20 فیصد تھی، جبکہ یونیورسٹی قواعد کے مطابق امتحان میں شرکت کے لئے کم از کم 75 فیصد حاضری لازمی ہے ۔ذرائع کے مطابق وقاص ہراج اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گیلانی لاء کالج پہنچا اور ایل ایل بی پارٹ تھرڈ کے طالب علم ثاقب کا داخلہ بھجوانے کے لئے کلرک واجد شمس پر دباؤ ڈالنے لگا۔ کلرک نے مطلوبہ حاضری پوری نہ ہونے اور یونیورسٹی قواعد کے خلاف داخلہ بھجوانے سے انکار کیا تو مبینہ طور پر وقاص ہراج اور اس کے ساتھی مشتعل ہوگئے ۔ انہوں نے کلرک کے ساتھ دھکم پیل، مبینہ تشدد اور بدتمیزی کی جبکہ سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے چلے گئے ۔واقعے کے بعد سٹڈی سنٹر کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شمزہ کو آگاہ کیا گیا، جنہوں نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی، تاہم متاثرہ کلرک کو فوری طور پر شکایت کرنے سے روک دیا گیا۔ مبینہ طور پر داد رسی نہ ہونے پر ملازمین میں تشویش پائی جانے لگی۔گزشتہ روز ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیدار ملک صفدر اور جنرل سیکرٹری رانا مدثر ریاض کی قیادت میں ملازمین نے گیلانی لاء کالج میں احتجاجی دھرنا دیا اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments