ڈی سی کا تحصیل کلورکوٹ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ
سپورٹس، ہیلتھ، انفراسٹرکچر اور بیوٹی فکیشن منصوبوں کا موقع پر جائزہ لیا تعمیراتی کام اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ،احسان جمالی
کلورکوٹ (نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی نے تحصیل کلورکوٹ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور سپورٹس، ہیلتھ، انفراسٹرکچر اور بیوٹی فکیشن منصوبوں کا موقع پر جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے زیرِ تعمیر سپورٹس جمنازیم کلورکوٹ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ذمہ دار افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کو تیزی اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو معیاری کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
کلورکوٹ کے نواحی علاقہ ملانہ میں نکاسیِ آب کے منصوبے کا جائزہ لیا اوردورہ کلورکوٹ کے دوران ڈی سی نے ملانہ میں روڈ کے اطراف نکاسی آب کے لیے بننے والے پختہ نالے کے جاری کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کلورکوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی، فارمیسی، ڈائیلسز یونٹ اور مختلف وارڈز کا جائزہ لیا۔انہوں نے مفت ادویات کی فراہمی، صفائی ستھرائی، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری اور انتظامی امور کی کارکردگی کو چیک کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری، بروقت اور مؤثر طبی سہولیات ہر صورت فراہم کی جائیں۔ ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے جمیل چلڈرن پارک کا بھی دورہ کیا اور تحصیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہریوں کو سستی اور معیاری تفریح فراہم کرنے کے لیے پارکوں کی تزئین و آرائش پر خصوصی توجہ دی جائے ۔