بابر شہزاد رانجھا کی کھلی کچہری، 60 سائلین کی اپیلس سنیں
مسائل سن کر ان کے فوری حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کر دئیے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا نے دفتر میں لگائی گئی کھلی کچہری میں 60سے زائد سائلین کی اپیلیں اور مسائل سن کر ان کے فوری حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے سائلین میں خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر بابر شہزاد رانجھا کا کہنا تھا کہ تمام یونین کونسل سیکریٹریز کی روزانہ بنیاد پر حاضری کو باقاعدگی سے چیک کیا جارہا ہے اگر کسی بھی سیکریٹری کی بلا اجازت غیر حاضری یا کوتاہی سامنے پر فوری محکمانہ کارروائی کی جاتی ہے اس کے ساتھ ساتھ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ اوقات میں یو سی آفس میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔
اگر کسی سرکاری ضرورت کے باعث دفتر سے باہر جانا پڑے تو موومنٹ رجسٹر میں باقاعدہ اندراج کرنا لازم ہوگا، یونین کونسلز میں شہریوں کے آسانی سے رابطہ کیلئے شکایات نمبرز نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ شکایات رجسٹر بھی رکھوادیئے گئے ہیں اور آنے والی ہر شکایت کو رجسٹر میں درج کر کے فوری ازالہ کی کارروائی بھی اسی رجسٹر میں درج کی جا رہی ہے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور یو سی سیکریٹریز اس امر کو یقینی بنائیں کہ عوامی خدمات میں کسی قسم کا تعطل نہ ہو۔ اگر کسی وجہ سے سروس میں رکاوٹ پیدا ہو تو فوری طور پر اس کی نشاندہی کر کے بروقت بحالی کے اقدامات کیے جائیں۔