داودخیل: لفٹ سکیم تھل 20 دن سے بند، کسان پریشان

 داودخیل: لفٹ سکیم تھل 20 دن سے بند، کسان پریشان

گندم کی فصل کو پانی کی اشد ضرورت، پیداوار متاثر ہو نے کا خدشہ

داؤدخیل (نمائندہ دنیا )داودخیل میں لفٹ سکیم تھل 20 دن سے بند پڑی ہے ، جس کے باعث کسان پانی کی شدید کمی سے پریشان ہیں۔ اس وقت گندم کی فصل کو پانی کی اشد ضرورت ہے ، لیکن محکمہ انہار کی جانب سے لفٹ سکیم پکہ کو بند کر دیا گیا ہے ۔کسانوں کا کہنا ہے کہ جب وہ لفٹ سکیم کے پمپ پر جاتے ہیں اور پمپ چلانے والوں سے رابطہ کرتے ہیں تو بتایا جاتا ہے کہ پانڈ ایریا میں پانی کم ہو گیا ہے ، جبکہ دریا سندھ میں پانی وافر مقدار میں موجود ہے اور نہر تھل بھی چل رہی ہے ۔ٹیل کے کسانوں نے بتایا کہ انہیں لفٹ سکیم پکہ کا پانی نہیں مل رہا، جس کی وجہ سے گندم کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ داؤدخیل ٹیل تھل کے زمیندار گندم کی فصل کو پانی لگانے کے لیے ترس رہے ہیں۔کسانوں نے ڈی سی میانوالی اسد مگسی سے مطالبہ کیا ہے کہ لفٹ سکیم پکہ کو فوری طور پر فعال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نہر تھل کے بند ہونے کے دن قریب ہیں ۔اور اگر نہر تھل بند ہو گئی تو سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل ضائع ہو جائے گی۔کسانوں کا کہنا ہے کہ یہ ان کی سال بھر کی محنت ہے اور وہ سالانہ ہزاروں روپے مالیہ جمع کراتے ہیں، لیکن نہری پانی دستیاب نہیں۔ پچھلے سال بھی ٹرانسفارمر خراب ہونے کے سبب کسانوں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں