کلورکوٹ:بھٹہ مالکان کو جدید ٹیکنالوجی اپنانے کی ہدایات جاری
اسسٹنٹ کمشنر کی فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے سخت کاروائی کی وارننگ
کلورکوٹ (نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر کلورکوٹ محمد عارف انجم نے کہا ہے کہ تمام بھٹہ مالکان اپنے بھٹوں کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کریں اور دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات اپنے آفس میں اینٹوں کے بھٹہ مالکان سے بات کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے یہ ضروری ہے کہ بھٹہ مالکان اپنے بھٹوں کی جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی کریں اور بھٹوں پر آنے والی کچہ کی مٹی کو مکمل ٹرالی کور کے ذریعے محفوظ بنایا جائے ، ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔محمد عارف انجم نے مزید کہا کہ بھٹہ مالکان بھٹوں پر چلنے والی ٹرالیوں کے پھٹے لگائیں تاکہ کچہ کی مٹی سڑک پر نہ گرے ، کیونکہ مٹی گرنے یا کریش ہونے سے سڑک پر اندھی کا سماں پیدا ہوتا ہے جس سے حادثات کا خطرہ رہتا ہے ۔بھٹہ مالکان نے اے سی کلورکوٹ کو دھواں اور مٹی کو کور کرنے کے معاملات پر مکمل تعاون کا یقین دلایا۔