خوشاب:ڈی پی او عمارہ شیرازی کی کھلی کچہری، شکایات سنیں
موقع پر موجود پولیس افسروں کو ان کے ازالے کے لیے ہدایات جاری کیں
خوشاب (نمائندہ دُنیا)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت عوامی شکایات کے فوری ازالے اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد کا مضبوط رشتہ برقرار رکھنے کے لیے ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے وادی سون کے گاوں اوچھالی کے ہائی سکول میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔اس موقع پر ایس ایچ او اور تھانہ نوشہرہ اپنی پوری تفتیشی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے ۔ ڈی پی او خوشاب نے مرد و خواتین کے مسائل اور شکایات سنی اور موقع پر موجود پولیس افسروں کو ان کے ازالے کے لیے ہدایات جاری کیں۔شرکائے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے کہا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی اور جرائم سے پاک معاشرے کی تشکیل خوشاب پولیس کا نصب العین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ عوامی شکایات کے ازالے کے ساتھ ساتھ پولیس جرائم کی پیچھا بندی اور مجرمان کی سرکوبی میں اپنا متحرک کردار ادا کرتی رہے گی۔