عوامی کھلی کچہری،شہریوں کی شکایات پر متعلقہ اداروں کو نوٹس

 عوامی کھلی کچہری،شہریوں کی شکایات پر متعلقہ اداروں کو نوٹس

میونسپل کمیٹی شاہ پور صدر میں لو گوں نے بے ضابطگیوں کے حوالے سے بتایا

شاہ پور (نامہ نگار)میونسپل کمیٹی شاہ پور صدر میں پنجاب حکومت کے ماتحت سرکاری اداروں کے خلاف عوامی کھلی کچہری میں شہریوں کی جانب سے مختلف شکایات موصول ہونے پر متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔شہریوں نے جنرل بس سٹینڈ کی بیرونی دیوار، وال آف شاہپور کے نام سے تعمیری کام اور کلمہ چوک میں لاکھوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے کلاک ٹاور میں بے ضابطگیوں کی شکایت کی۔ اس پر ضلع کونسل سرگودھا کے ایڈمنسٹریٹر شاہپور، سی او ایم سی اور دیگر افسروں کو اپنے دفاتر میں حاضر ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا۔اسی طرح، مشیر صوبائی محتسب نے شہریوں اور صحافی رانا اعظم خان کی شکایات پر گلشن کمال ٹاؤن شاہ پور صدر کی نجی کالونی میں قدیمی گول سڑک کے ساتھ 80 فٹ تک غیر قانونی قبضے کے سلسلے میں کالونی مالکان اور متعلقہ اداروں کو اپنے دفتر طلب کیا ہے ۔شہریوں نے میونسپل کمیٹی پر گندے پانی کو سڑک پر چھوڑنے ، پوسٹ آفس روڈ پر پھلوں اور سبزیوں کا ریڑھی بازار لگانے اور دیگر ناقص انتظامات کی شکایت کی۔ یہ سڑک پہلے ہی تنگ تھی اور یہاں متعدد نجی ہسپتال، میڈیکل اسٹور، محکمہ تعلیم کے دفاتر، گرلز ایلیمنٹری و پرائمری سکول، پوسٹ آفس اور مین بازار واقع ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہو گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں