غلط اعداد و شمار درج کرنے سے انکار، پٹواری پر تشدد
سجاد نے سیلاب کے حوالے سے سروے میں مرضی کی رپورٹ کا مطالبہ کیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سیلاب زدگان کی رپورٹ میں من مانی اور غلط اعداد و شمار درج کرنے سے انکار پر پٹوار خانے میں داخل ہو کر ہنگامہ آرائی اور پٹواری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔پٹواری محمد ندیم نے پولیس کو بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن کی زیر نگرانی حالیہ سیلاب کے حوالے سے ری سروے کے دوران سجاد نامی شخص پٹوار خانے میں آیا اور اسے غلط رپورٹ مرتب کرنے پر مجبور کیا۔ انکار کرنے پر ملزم طیش میں آ گیا اور کارِ سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔