سرگودھا میں کرسمس کی تقریب ، کمشنر ، ڈی سی اور آ ر پی او کی شرکت

سرگودھا میں کرسمس کی تقریب ، کمشنر ، ڈی سی اور آ ر پی او کی شرکت

کیک کاٹا گیا ، اقلیتوں کے تحفظ، حقوق،مذہبی آزادی پر یقین ر کھتے ہیں :جہانزیب اعوان

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرگودھا میں کرسمس کی خوشیوں کے سلسلے میں یونیورسٹی روڈ پر واقع کیتھولک چرچ میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان، ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے شرکت کی۔ تقریب میں مسیحی برادری کے اکابرین، کمیونٹی کے دیگر افراد اور ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم بھی موجود تھے ۔ شرکا نے مل کر کرسمس کا کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو کرسمس کی مبارکباد دی۔کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے تحفظ، حقوق اور مذہبی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اسی وژن کو عملی شکل دے رہی ہیں۔ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان نے کہا کہ مسیحی برادری کی عبادت گاہوں اور تقریبات کے تحفظ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مسیحی برادری کے مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کرسمس جیسی خوشیوں میں شرکت باہمی احترام اور بھائی چارے کی عملی مثال ہے ۔اس موقع پر مسیحی برادری نے پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خوش آئند قرار دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں