کلورکوٹ:بیوٹیفکشن کے کام مکمل، معیار پرسمجھوتہ نہ کرنیکی ہدایت
ڈپٹی کمشنر نے لاری اڈہ کلورکوٹ پر ٹف ٹائلز کی تنصیب اور دیگر کاموں کا جائزہ لیا
کلورکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی نے کلورکوٹ میں بیوٹیفکشن کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل اور معیار کی پابندی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔یہ ہدایات انہوں نے کلورکوٹ میں 32 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے جاری ترقیاتی کاموں کی چیکنگ کے دوران دی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کلورکوٹ محمد عارف انجم اور چیف آفیسر ایم سی کلورکوٹ سہیل انور خان نیازی بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے لاری اڈہ کلورکوٹ پر ٹف ٹائلز کی تنصیب، دکانوں کے یکساں رنگ کے بنچ، ڈسٹ بن سمیت دیگر کاموں کا پیدل معائنہ کیا اور کام کے معیار کو باریک بینی سے چیک کیا۔ انہوں نے ٹھیکیدار اور اسسٹنٹ کمشنر کو مختلف ہدایات بھی دیں۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد عارف انجم نے ڈی سی بھکر کو تمام کاموں کی مکمل بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر کے دورہ کلورکوٹ کے دوران صاف ستھرا پنجاب کلورکوٹ کے کنسلٹنٹ رانا حذیفہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے اے سی آفس کلورکوٹ میں اے سی محمد عارف انجم کے ساتھ اہم میٹنگ کی اور پھر عملہ کے ہمراہ بھکر روانہ ہو گئے ۔