کوٹ مومن میں غیر قانونی فائبر انٹرنیٹ کا کاروبار عروج پر

 کوٹ مومن میں غیر قانونی فائبر انٹرنیٹ کا کاروبار عروج پر

کوٹ مومن (نمائندہ دنیا) شہر میں بغیر لائسنس فائبر انٹرنیٹ فراہم کرنے کا غیر قانونی کاروبار عروج پر پہنچ چکا ہے ، جہاں متعدد افراد غیر معیاری اور مہنگے انٹرنیٹ کنکشن فروخت کر کے شہریوں کو لوٹ رہے ہیں۔ متعدد شکایات کے باوجود تاحال کسی مؤثر کارروائی کا آغاز نہیں ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق غیر قانونی فائبر انٹرنیٹ نصب کرنے والے ورکر بغیر کسی حفاظتی انتظامات کے واپڈا کے کھمبوں پر چڑھ کر تاریں بچھا رہے ہیں، جو نہ صرف جان لیوا عمل ہے بلکہ واپڈا کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔انٹرنیٹ فراہم کرنے والے اہلکار دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں واپڈا کی جانب سے اجازت حاصل ہے ، تاہم واپڈا حکام نے اس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی نجی انٹرنیٹ کمپنی کو بجلی کے کھمبوں پر تاریں لگانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ واپڈا حکام کے مطابق ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔شہریوں اور عوامی حلقوں نے پی ٹی اے سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے بغیر لائسنس فائبر انٹرنیٹ چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور قانونی انٹرنیٹ سہولت میسر آ سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں