50 لاکھ کا فلٹریشن پلانٹ سال میں ناکارہ، شہریوں میں تشویش
50 لاکھ کا فلٹریشن پلانٹ سال میں ناکارہ، شہریوں میں تشویش پلانٹ ٹاؤن کمیٹی کے عقبی حصے میں نصب کیا گیا، قیمتی پرزے بیچ دئیے گئے ،شہری
شاہ پور صدر (نامہ نگار) شاہ پور سٹی اولڈ ٹاؤن کمیٹی میں پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے نصب کیا جانے والا واٹر فلٹریشن پلانٹ ایک سال کے اندر ہی ناکارہ ہو گیا، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ فلٹریشن پلانٹ عوام کی نظروں سے اوجھل رکھنے کے لیے ٹاؤن کمیٹی کے عقبی حصے میں نصب کیا گیا تھا، جبکہ کمیٹی کے دفاتر بھی اکثر بند رہتے تھے ، جس کے باعث مقامی آبادی اس سہولت سے مکمل طور پر استفادہ نہ کر سکی۔شہریوں حاجی سجاد حسین، ملک عرفان، نوید انصاری، مظہر عباس میکن اور دیگر نے سوال اٹھایا کہ عوامی فلاح کا یہ منصوبہ، جو پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا، مرکزی مقام پر نصب کرنے کے بجائے عقبی حصے میں کیوں لگایا گیا اور وہ بھی ایک سال میں ناکارہ کیسے ہو گیا۔شہریوں کا الزام ہے کہ متعلقہ ملازمین نے مبینہ ملی بھگت سے پلانٹ کے قیمتی پرزہ جات چوری کر کے مارکیٹ میں فروخت کر دیے ، جس کے باعث یہ منصوبہ ناکام ہو گیا۔انہوں نے بتایا کہ شاہ پور میں پینے کا پانی کھارا ہے اور حکومت نے شہریوں کو صاف اور میٹھے پانی کی فراہمی کے لیے فلٹریشن پلانٹس نصب کیے تھے ، تاہم مرکزی مقام پر واقع پلانٹ بند ہونے سے شہر کی دس وارڈز پر مشتمل بڑی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے ۔