وزیر اعلیٰ آفس کے جعلی ملازم کا رہا ہوتے ہی ایک اور فراڈ
سرکاری نوکری کا جھانسہ دے کر ساجد عباس سے 50 ہزار ہتھیانے کا انکشافملک صفدر ،اہلیہ ریحانہ اور امجد جوئیہ کیخلاف مقدمہ درج،ایک ملزم گرفتار
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب آفس کا جعلی ملازم جیل سے رہا ہوتے ہی ایک اور شہری کو سرکاری ملازمت کا جھانسہ دے کر فراڈ کا شکار بنا گیا۔ پولیس نے شہریوں سے نقدی بٹورنے والے گروہ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے ۔پولیس کے مطابق ملزم خود کو وزیر اعلیٰ پنجاب آفس کا فوکل پرسن ظاہر کر کے معصوم شہریوں کو لوٹ رہے تھے ۔ متاثرہ شہری ساجد عباس نے تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملک صفدر، اس کی مبینہ اہلیہ ریحانہ نور اور ملک امجد جوئیہ نے اسے 49 ٹیل کے قریب واقع ایک دفتر میں بلایا، جہاں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے پرنٹ شدہ لیٹر پیڈز، مہریں اور دیگر سرکاری دستاویزات دکھا کر اعتماد میں لیا۔
مدعی کے مطابق ملزموں نے خود کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفتر کا فوکل پرسن اور اہم ملازمین ظاہر کرتے ہوئے سرکاری نوکری دلوانے کے عوض 50 ہزار روپے ایڈوانس وصول کیے اور ایک ہفتے میں تقرری کا لیٹر دینے کا وعدہ کیا، تاہم نہ نوکری دلوائی گئی اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ مرکزی ملزم ملک صفدر کو 31 دسمبر 2025 کو 49 ٹیل کے علاقہ سے اسی نوعیت کے فراڈ کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا تھا، اس کے قبضے سے چیف منسٹر آفس کے نام سے منسوب پرنٹ شدہ لیٹر پیڈز اور جعلی مہریں بھی برآمد ہوئی تھیں ،تاہم جیل سے رہائی کے بعد ملزم دوبارہ فراڈ کی واردات کر کے فرار ہو گیا۔پولیس نے اس نئے فراڈ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم امجد جوئیہ کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔