بزنس بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کا جائزہ اجلاس
تاجروں کو بزنس اکاؤنٹس کے کیو آر کوڈز جاری کیے جا رہے ہیں،بریفنگ بزنس اکاؤنٹس اور کیو آر کوڈ کا اجرا مزید تیز کیا جائے ، اسد عباس مگسی کی ہدایت
میانوالی (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی کی زیر صدارت کاروباری حضرات کو بزنس بینک اکاؤنٹس کے ذریعے رقوم کی بروقت اور آسان منتقلی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ساریہ حیدر خان، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر اینڈ کوآرڈینیشن محمد عظیم جسرا، سی او ضلع کونسل و ایم سی ملک خرم افتخار، ایم او فنانس ایم سی میانوالی ارسلان بابر اور مختلف بینکوں کے منیجر صاحبان نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق تاجروں کو بزنس اکاؤنٹس کے کیو آر کوڈز جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ صارفین آن لائن ادائیگی کے ذریعے آسانی سے لین دین کر سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے بینکوں کے افسران کو ہدایت کی کہ بزنس اکاؤنٹس اور کیو آر کوڈ کے اجرا کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور متعلقہ دکانوں پر اسکین شدہ کیو آر کوڈ آویزاں کیے جائیں۔