ناقص دودھ اور کھویا تیار،2یونٹس کے خلاف مقدمات درج
لیبارٹری رپورٹ میں سیمپلز غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ ثابت ہو گئے
مڈھ رانجھا (نمائندہ دنیا) پنجاب فوڈ اتھارٹی سرگودھا کی ٹیم نے مڈھ رانجھا کے نواحی علاقوں میں ملاوٹ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناقص دودھ اور کھویا تیار کرنے والے دو پروڈکشن یونٹس کے خلاف مقدمات درج کروا دیے ۔تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی ٹیم نے موضع گھلا پور اور ہلال پور میں قائم دودھ و کھویا کے یونٹس کی چیکنگ کی، جہاں سے دودھ اور کھویا کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری بھجوائے گئے۔ لیبارٹری رپورٹ میں سیمپلز غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ ثابت ہونے پر یونٹس چلانے والے عارف حبیب الرحمن اور شہباز کے خلاف تھانہ مڈھ رانجھا میں مقدمات درج کروا دیے گئے ۔ فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔