کارپوریشن سکولوں کے 100 پنشنرز کو ادائیگیاں نہ ہو سکیں
پنشنرز ایجوکیشن اتھارٹی اور اکاؤنٹ دفاتر میں شٹل کاک بن کر رہ گئے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)13روز بعد بھی ادائیگیا ں نہ ہونے کی وجہ سے کارپوریشن سکولوں کے سو سے زائد پنشنرز ایجوکیشن اتھارٹی اور اکاؤنٹ دفاتر میں شٹل کاک بن کر رہ گئے جبکہ ان کی بڑھتی ہوئی مشکلات باعث تشویش بننے لگی ہیں ،پنشنرز کا کہنا ہے کہ کارپوریشن سکولوں کا نظا م ایجوکیشن اتھارٹی کے حوالے ہونے کے بعد مسلسل کرب کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ،وقت پر پنشن نہیں ملتی، دو ،دو ،تین تین ماہ معاملات لٹکا دیئے جاتے ہیں روا ں ماہ بھی تقریبا آدھا گزر چکا ہے جبکہ پنشنز کو ادائیگیاں نہیں ہوئیں۔
جس کی وجہ سے اکثر کے گھرو ں میں نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے ،یوٹیلٹی بلز کی تاریخیں گزرنے کی وجہ سے کنکشنز کے لالے پڑے ہوئے ہیں ،جب ایجوکیشن اتھارٹی حکام سے رابطہ کیا جائے تو وہ اکاؤنٹ آفس والوں پر تاخیر کی ذمہ داری ڈال دیتے ہیں جبکہ اکاؤنٹ افسران کا کہنا ہے کہ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے سکرول آیا ہی نہیں، اب جائیں تو جائیں کہاں، عمر کے اس حصے میں خوار ہو کر رہ گئے ہیں،پنشنرز نے وزیر اعلی پنجاب مریم نوا ز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔